اسلام آباد (پی این آئی) قومی اسمبلی اجلاس میں نجی کارروائی کے دن ارکان قومی اسمبلی کے متعدد بل متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے گئے، اجلاس میں اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی،وفاقی دارالحکومت میں جہیز کی ممانعت کے حوالے سے بل پی پی رکن اسمبلی شرمیلا فاروقی نے پیش کیا، جس کو قائمہ کمیٹی کے حوالے کیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق قومی اسمبلی میں شرمیلا فاروقی نے جہیز کی رسم کے خلاف بل پیش کیا جس میں جہیز لینے اور دینے والے دونوں فریقین کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، بل کا اطلاق اسلام آباد کی حدود میں ہوگا، بل کے بعد جہیز رسم کے جاری رکھنے والوں کو 5 سال تک سزا ہوسکتی ہے جبکہ اس کےعلاوہ جرمانہ بھی عائد ہوسکتا ہے، کم از کم اڑھائی لاکھ یا پھر جہیز کی مالیت کے برابر جرمانہ ہو سکتا ہے۔ دولہا اور دلہن کو دیئے گئے تحائف پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا تاہم واسطہ یا بالواسطہ جہیز کا مطالبہ کرنے پر کم سے کم2سال کی سزا اور کم سے کم اڑھائی لاکھ روپے کا جرمانہ عائد ہو گا۔
عدالت مخصوص وجوہات پر سزا ایک سال سے کم کر کے آٹھ ماہ تک سنا سکتی ہے جبکہ جہیز کے حوالے سے اشتہارات پر بھی پابندی عائد ہوگی، اگر کوئی رشتے کے لیے جائیداد یا کسی کاروبار کی پیش کش کرتا ہے تو وہ سزا کا مستحق ہوگا سزا کی مدت2سال جبکہ ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی ہو سکتا ہے،ایکٹ کے تحت یہ جرائم ناقابل ضمانت، ناقابل راضی نامہ ہوں گے.
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں