لاہور (پی این آئی) جماعت اسلامی نے بجلی بلوں کیخلاف تحریک کے دوسرے مرحلے میں مال روڈ لاہور پر احتجاج کا اعلان کردیا۔
جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیا الدین انصاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی کال پر 17 جنوری کو مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا، اس سلسلے میں نمازجمعہ کے بعد مسجد شہداء مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، بجلی بلوں میں عوام کو ریلیف نہ دیے جانے کے خلاف احتجاج ہوگا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لاہور کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ جماعت عوام کے حقوق کی جنگ ہر فورم پر لڑرہی ہے، بجلی کے بلوں میں ریلیف عوام کا حق ہے جس کے حصول کیلئے احتجاج کریں گے، 6 آئی پی پیز سے معاہدے ختم اور 14 سے حکومت کی بات چیت مکمل ہوگئی، آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہونے کے بعد سالانہ اربوں کی بچت سے عوام کو ریلیف دیا جائے، جماعت اسلامی حکومت کو راولپنڈی معاہدے سے بھاگنے نہیں دے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے پر ملک گیر دوبارہ احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا، جس کے تحت 17 جنوری سے ملک گیراحتجاجی تحریک چلائی جائے گی، جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے احتجاجی تحریک کو از سر نو شروع کریں گے، حکومت کے مطابق ڈیڑھ ارب روپوں کا فائدہ ہوا ہے لیکن بجلی سستی نہیں ہوئی، یہ دعوے بڑے بڑے کرتے ہیں لیکن عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدام نہیں کرتے کیوں کہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں کی قربانی دینے کیلئے تیار نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں