اماراتی صدر کا عمران خان سے متعلق بڑا مطالبہ

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سینیٹر عون عباس بپی نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے حکومت کو بانی پی ٹی آئی عمران خان پر مقدمات روکنے کا کہا ہے۔

یاد رہے کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے گزشتہ ہفتے پاکستان کا دورہ کیا ہے اور اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت وفاقی وزراء کی ان سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔پیر کی رات سماء کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عون عباس بپی نے مہمان صدر کے حوالے سے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران حکومت کو بانی پی ٹی آئی پر مقدمات روکنے کا کہا ہے۔

پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عون عباس بپی کا کہنا تھا کہ 17 جنوری کو بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی موجود بھی ہوئے تو شک ہے فیصلہ نہیں سنایا جائے گا، انہوں نے سزا سنانی ہے جو پیچھے سے لکھی ہوئی آئے گی۔عون عباس بپی کا کہنا تھا کہ حکومت کو انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کا دباؤ محسوس ہو رہا ہے اور کوئی یہ دباؤ نہیں ڈالتا کہ انہیں رہا کر دیں بلکہ وہ کہتے ہیں جو آپ کر رہے ہیں وہ غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے صدر نے کہا ہے جو غلط مقدمات بنائے جا رہے ہیں وہ روکیں اور اس سے حکومت کو اندازہ ہو رہا ہے کہ ہواؤں کا رُخ بدل رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close