خوفناک دھماکہ، 15 افراد مارے گئے

یمن کے وسطی صوبے البیضاء میں ایک گیس اسٹیشن پر دھماکے کے نتیجے میں زبردست آگ بھڑک اٹھی جس سے کم از کم 15 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں کے زیرانتظام علاقے کی وزارت صحت نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ دھماکہ ہفتے کو صوبہ البیضا کے ضلع ظاہرمیں ہوا۔گیس اسٹیشن پر دھماکے کے باعث کم از کم 67 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 40 کی حالت تشویشناک ہے۔وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے ریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کو تلاش کر رہی ہیں تاہم فوری طور پر دھماکے کی وجہ کے بارے میں واضح نہیں ہو سکا۔

آن لائن فوٹیج میں شدید آگ دکھائی گئی ہے جس میں دھوئیں کا مرغولہ آسمان کی طرف بلند ہوتا دکھائی دے رہا تھا اور قریب کھڑی گاڑیاں جل رہی تھیں۔یمن کا وسطی صوبہ البیضاء ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے زیرکنٹرول ہے جو یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے برسرپیکار ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close