اسلام آباد (پی این آئی) وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل شیخ وقاص اکرم کا ردعمل سامنے آگیا۔
اپنے بیان میں پی ٹی آئی کے رہنما شیخ وقاص نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے دعوے مینڈیٹ چور سرکار کی طرح گمراہ کن ہیں، مینڈیٹ چوروں نے ملک میں جو دودھ اور شہد کی نہریں بہائی ہیں، ان سے بچنے کی جستجو میں پاکستانی انسانی اسمگلرز کے چنگل میں پھنسنے اور سمندروں میں ڈوب مرنے پر مجبور ہیں۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ معیشت کو مجرموں نے صفر سے نیچے گرا کر کروڑوں پاکستانیوں پر مہنگائی، بیروزگاری کے عذاب مسلط کیے، ترسیلاتِ زر کے اعداد و شمار زیادہ عرصے تک مجرموں کی معاشی تباہی کی ہولناکیوں کو نہیں ڈھانپ سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مینڈیٹ چور مہنگے ترین بیرونی قرضے اپنی عیاشیوں کے لیے استعمال کرنے میں لگے ہوئے ہیں، ووٹ پر کھلے ڈاکے کے نتیجے میں قائم ہونے والی سرکار پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے نو گو ایریے میں بدل کر مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان سے دور رہنے کی تنبیہ کررہے ہیں۔پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل نے یہ بھی کہا کہ مجرموں کی سیاست بچانے کے لیے معیشت کا جنازہ اور کروڑوں پاکستانیوں کا معاشی مستقبل تاریک کرنے والے جلد اپنے فیصلوں پر پشیمان ہوں گے، سیاسی استحکام نہ آیا تو معیشت کی بحالی کے امکانات مکمل طور پر دم توڑ دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں