حج 2025 ء کےبارے میں بڑی خوشخبری سنا دی گئی

لاہور (پی این آئی) پاکستانی پرائیویٹ کمپنیوں کے ذریعے جانیوالے حجاج کرام پاکستان اور سعودی عرب کے قوانین کی مکمل پاسداری کریں گے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ اور پاکستانی وزارت مذہبی امور کے تعاون سے مسائل اور مشکلات کو حل کیا جا رہا ہے، حکومت اور ہوپ کے ذمہ داران کے درمیان بہترین کوارڈی نیشن موجود ہے، انشاءاللہ تعالیٰ 2025 کا حج بھی مثالی ہو گا، ہمارا سب کچھ حرمین شریفین پر قربان ہے، اسرائیلی نقشے کو دہشت گردی اور دنیا کا امن تباہ کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہیں،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں تمام اسلامی ممالک فلسطین کے معاملے میں وحدت و اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل اور حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن(ہوپ)کے سربراہ علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا،اس موقع پر ہوپ پنجاب کے چیئرمین احسان اللہ سمیت ہوپ کے دیگر عہدیداران میں امتیاز الرحمٰن،ذیشان چوہدری،حافظ عتیق الرحمن،رائے ظفر،چوہدری عادل،محمد ارفحشدعبداللہ اور ملک عبدالخالق بھی موجود تھے ۔

علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی 904 کمپنیوں نے حج 2025 کی بکنگ کا آغاز کر دیا ہے ، پاکستان عوام سے درخواست ہے کہ وہ حج بکنگ کیلئے صرف رجسٹرڈ کمپنیوں سے ہی رابط کریں، ہمارا خود احتسابی عمل کا مکمل سیٹ اپ موجود ہے،گذشتہ سال 2024 میں سعودی وزارت حج و عمرہ نے پاکستانی وزارت مذہبی امور اور ہوپ کی کارکردگی کو سراہا تھا، پاکستانی کمپنیوں کی ایک بھی شکایت درج نہیں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال پاکستانی آرمی چیف سید حافظ عاصم منیر نے 904 کمپنیوں کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی شفقت کی تھی جس کی وجہ سے پاکستانی حجاج کے مسائل اور مشکلات پر قابو پایاگیا ،امید ہے کہ رواں سال بھی حجاج کرام کے مسائل اور مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اس سلسلے میں حکومت اور ہوپ کے ذمہ داران کے درمیان بہترین کوارڈی نیشن ہے،انشاءاللہ تعالیٰ 2025 کا حج بھی مثالی ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close