اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔
جج احتساب عدالت ناصر جاوید رانا کل صبح 11 بجے اڈیالہ جیل میں فیصلہ سنائیں گے اور اس حوالے سے عدالتی عملے نے فریقین کو آگاہ کردیا۔وکیل عمران خان خالد یوسف چوہدری نے بھی تصدیق کی کہ عدالتی عملے نے کل فیصلہ سنائےجانے سے متعلق آگاہ کردیا۔ اس کے علاوہ عدالتی عملے کی جانب سے نیب پراسیکیوشن ٹیم کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔خیال رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر احتساب عدالت نے فیصلہ 18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا تھا۔ احتساب عدالت نے فیصلہ سنانے کیلئے پہلے 23 دسمبر اور اس کے بعد 6 جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی پھر تیسری 13 جنوری کی تاریخ دی۔
واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا اور نیب نے ٹرائل کے دوران 3 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے گواہان پر جرح کی۔190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اہم گواہان سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بھی بیان ریکارڈ کروایا۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں گزشتہ سال 27 فروری کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں