اسلام آباد (پی این آئی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بانی پی ٹی آئی سے بغیر نگرانی ملاقات کا مطالبہ کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ بانی سے ملاقاتوں میں نگرانی جیسی صورتحال ناقابل قبول ہے۔
عمر ایوب نے بانی عمران خان سے بغیر نگرانی ملاقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی سے ایسی جگہ ملاقات کرائی جائے جہاں پرائیویسی ہو اور نگرانی کا خوف بھی نہ ہو، بانی سے ملاقات کیلئے محفوظ اور نجی ماحول فراہم کیا جائے، عمران خان سے ہماری ملاقاتیں ایک محدود جگہ پر ہورہی ہیں، ملاقات میں کیمرے اور آواز سننے والے آلات نصب ہوتے ہیں۔اس طرح کی ملاقاتیں بات چیت کی رازداری اور سالمیت کو متاثر کرتی ہیں۔ بانی سے ملاقاتوں میں نگرانی جیسی صورتحال ناقابل قبول ہے۔نگرانی آزادانہ اور مئوثر انداز میں بات چیت کو متاثر کرتی ہے۔دوسری جانب سابق وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن 8 ماہ میں ہوں یا سال میں، مذاکرات نئے الیکشن کیلئے ہورہے ہیں،عمران خان الیکشن مانگ رہے ہیں جبکہ حکومت وقت چاہتی ہے، سیاسی کارڈ عمران خان کے پاس ہیں، حکومت کی پوزیشن کمزور ہوئی ہے۔
انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات نہ کروانے سے حکومت کمزور لگی ہے، مذکرات کیوں کئے جارہے ہیں؟ پی ٹی آئی نے دو سال زور لگایا لیکن بنگلادیش جیسے حالات نہیں بنے، اسٹیبلشمنٹ نے بھی زور لگایا لیکن عمران خان مائنس نہیں ہوا۔اس لئے سوچا گیا کہ مذاکرات کئے جائیں، ہم سمجھتے ہیں کہ مذاکرات ہی مسائل کا حل ہے،ن لیگ کے تمام رہنماؤں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے گی، لیکن پورا زور لگانے کے باوجود جیل میں میٹنگ نہیں کراسکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں