بے روزگاری میں اضافے کے باوجود شہباز حکومت کا لاکھوں ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) بے روزگاری میں اضافے کے باوجود شہباز شریف حکومت کا ڈیڑھ لاکھ ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ رائٹ سائزنگ کا عمل شفاف طریقہ سے آگے بڑھا رہے ہیں، کوشش ہے کہ جاری مالی سال کے اختتام تک یہ عمل مکمل ہو، 60 فیصد خالی ریگولر پوسٹوں کو ختم یا ڈائنگ پوسٹیں قرار دی گئی ہیں جن کی تعداد ڈیڑھ لاکھ کے قریب بنتی ہے، وزیراعظم اور کابینہ نے اس کی منظوری دے دی ہے، جنرل نان کور سروسز (مکینک، پلمبنگ اور گارڈنر) کی پوسٹوں کو آئوٹ سورس کیا جائے گا تاکہ کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے، کنٹین جینسی پوسٹوں کو کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، وزارت خزانہ تمام حکومتی اداروں اور محکموں کے کیش بیلنس کی براہ راست نگرانی کرے گی، پہلے مرحلہ میں چھ وزارتوں کے 80 اداروں کی تعداد کو کم کرکے 40 کر دیا جائے گا، دوسرے مرحلہ میں 25 اداروں کو وائنڈ اپ کیا جائے گا، 20 اداروں کے حجم کو کم جبکہ 9 اداروں کو ضم کیا جائے گا۔

منگل کو پارلیمانی ٹاسک فورس کے کنوینئر بلال اظہر کیانی اور دیگر سینئر حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گذشتہ چھ، سات ماہ میں ملکی معیشت کو مستحکم کرنے پر ہماری توجہ رہی، پاکستان کی معیشت بہتر حالت میں ہے، ہمارے سارے اہداف درست سمت میں جا رہے ہیں، پائیدار نمو کیلئے ایک بنیاد رکھ دی گئی ہے، کوشش ہے کہ بوم اینڈ بسٹ سائیکل سے ہم نکل جائیں، اب برآمدات پر مبنی نمو کی طرف ہماری توجہ مبذول ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نجی شعبہ کی قیادت میں معیشت کو آگے لے جانے پر یقین رکھتی ہے، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا عمل جاری ہے، ٹیکسیشن کے نظام پر کام ہو رہا ہے، ایف بی آر میں اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکنالوجی ٹرانسفارمیشن کا عمل جاری ہے، کسٹم میں فیس لیس انٹرایکشن کا نظام لاگو ہو چکا ہے، وزیراعظم کل اس کا افتتاح کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close