عمران خان کو بنی گالا ڈیل کی پیشکش کس نے کی؟

اسلام آباد (پی این آئی)عمران خان کو اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل کرنے کی پیشکش کس نے کی؟ کیونکہ ایسی پیشکش نہ تو جاری رسمی مذاکراتی عمل کے دوران کی گئی اور نہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان بیک چینل مذاکرات میں۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ بیک چینل مذاکرات کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کو خیبرپختونخوا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن حکومت نے اسے قبول نہیں کیا۔یہ مطالبہ گزشتہ سال نومبر میں دونوں فریقین کے درمیان ہوئے بیک چینل مذاکرات کے دوران کیا گیا تھا۔ ان ذرائع کا اصرار ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور عمران خان کو راولپنڈی جیل سے خیبرپختونخوا منتقل کرانا چاہتے تھے لیکن دوسرے فریق نے اس پر اتفاق نہیں کیا۔

تاہم، چند روز قبل جب اس نمائندے نے گنڈا پور سے رابطہ کیا تو اُنہوں نے دوٹوک الفاظ میں اس بات کی تردید کی اور کہا کہ انہوں نے کبھی ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے نہیں معلوم کہ اس معاملے میں میرا نام کیوں لیا جا رہا ہے۔‘‘حال ہی میں یہ خبر سامنے آئی کہ عمران خان نے کہا کہ انہیں ایک ڈیل کی پیشکش کی گئی تھی جس کے تحت انہیں اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ بنی گالہ منتقل کیا جائے گا تاکہ وہ جیل کا بقیہ وقت گزار سکیں۔ ان کے وکیل فیصل چوہدری نے گزشتہ ہفتے اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں کو بتایا، ’’عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں بنی گالہ منتقل کرنے کی پیشکش کی گئی ہے تاہم، انہوں نے زور دیا کہ وہ اس وقت تک کہیں نہیں جائیں گے جب تک بغیر کسی مقدمہ میں گرفتار لوگوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close