وفاقی حکومت نے 60 فیصد اسامیاں ختم کر دیں

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی ڈیڑھ لاکھ خالی اسامیاں ختم کر دی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ بتدریج ان اداروں کو ختم کیا جائے، 60 فیصد خالی اسامیوں کو ختم کر دیا گیا ہے، یہ تعداد تقریباً ڈیڑھ لاکھ بنتی ہے۔محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ خدمات سے متعلق اسامیوں کو آؤٹ سورس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، سرکاری اخراجات میں کمی کے اقدامات کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جون 2024ء میں وزیرِ اعظم نے ایک کمیٹی بنائی تھی جو وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ سے متعلق تھی۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ جن اداروں کی افادیت نہیں رہی انہیں برقرار رکھیں یا نہیں؟ اس پر کام ہو رہا ہے، 43 وزارتوں اور ان کے 400 محکموں کی افادیت اور انہیں برقرار رکھنے یا نہ رکھنے پر کام کر رہے ہیں، ایک وقت میں 5 سے 6 محکموں کو ختم کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے ٹی او آرز کا مقصد وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی لانا تھا، کمیٹی کا اسکوپ 45 وزارتیں تھیں جس میں 400 منسلک ادارے تھے، پچھلے سالوں میں بھی یہ کوشش کی گئی کہ وفاقی حکومت کا حجم کم کیا جائے۔وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ وفاقی حکومت کا حجم بتدریج کم کریں، ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل آگے بڑھا رہے ہیں، اثاثوں اور انسانی وسائل کا کیا کرنا ہے اس پر بھی تفصیلی غور کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close