کراچی (پی این آئی) قومی ایئر لائن پی آئی اے کی جانب سے اندرون و بیرون ملک نئی پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، نئے فضائی روٹس سے بیرون ملک مقیم تارکین کو کم خرچ سفری سہولت دستیاب ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 جنوری سے سیالکوٹ سے بحرین کی ہفتے میں دوطرفہ پرواز اڑان بھرے گی، لاہور سے کویت کے لیے 25 جنوری سے ہفتہ وار ایک پرواز چلائی جائے گی، اس کے علاوہ پی آئی اے کی لاہور سے دمام ہفتہ وار 2 پروازیں 22 جنوری سے آپریٹ ہوں گی، 20 جنوری سے فیصل آباد اور جدہ کے درمیان ہفتہ وار ایک فلائٹ چلے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ 25 جنوری سے پی آئی اے کی طرف سے پشاور اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار ایک پرواز آپریٹ ہوگی، 21 جنوری سے پی آئی اے سیالکوٹ سے دوحہ کے لیے ہفتہ وار پرواز شروع کرے گی، قومی ایئرلائن کی جانب سے ان پروازوں کیلئے بوئنگ 777 اور ایئر بس 320 طیارے استعمال کیے جائیں گے جب کہ پی آئی اے کا طویل عرصے سے گراؤنڈ کیا جانے والا ایک اور اے ٹی آر طیارہ آپریشنل ڈیوٹی میں شامل ہوگیا، طیارے کی آپریشنل ڈیوٹی میں شمولیت سے پی آئی اے کی گلگت، سکھر، تربت اور گوادر کی پروازوں کو تقویت ملے گی۔
انتظامیہ کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے نے اپنے آپریشنل طیاروں میں اضافے کا منصوبہ بنایا ہے کیوں کہ یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پی آئی اے پر پابندی ختم ہوچکی ہے، جس کے بعد اب پی آئی اے کی جانب سے اپنے نیٹ ورک کو یورپ اور برطانیہ تک بڑھانے کی پلاننگ کی جارہی ہے، پہلے مرحلے میں بوئنگ 777 کے آپریشنل بیڑے کی تعداد 8 ہو جائے گی، ایئربس اے 320 طیاروں کی تعداد 12 تک پہنچنے کا امکان ہے اور اے ٹی آر طیاروں کی تعداد 2 ہو جائے گی، یہ فلیٹ اپ گریڈ 2025ء کیلئے پی آئی اے کے آپریٹنگ پلان کا حصہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں