اسلام آباد(پی این آئی)وزیر دفاع اور سینئر رہنما ن لیگ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مذاکرات کے حوالے سے مذاکراتی کمیٹیوں پر کوئی دباو نہیں ہے جبکہ مذاکرات پر اس وقت تک کوئی حوصلہ افزا پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
نجی نیوز چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع اور سینئر رہنما ن لیگ خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ مذاکرات پر اس وقت کوئی حوصلہ افزا ءپیش رفت نہیں ہوئی، ایک ہفتے کا جو ٹائم دیا گیا ہے، اس کے بعد کوئی پیش رفت ہو سکے گی، فی الحال تو کوئی خاص پیش رفت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کاعمل اب تک نشستاً،گفتاً،برخاستاً تک محدود ہے، پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لئے حکومت پر قطعی کوئی دباؤ نہیں ہے،سیاسی تناؤ کو کم کرنے کے لئے راستہ تلاش کرنے کے لئے مذاکرات کررہے ہیں، تناو آہستہ آہستہ ختم ہو رہا ہے، معیشت بہتر ہو رہی ہے، لوگ پر امید ہیں ہماری معیشت مستحکم ہو گی، تناو کی صورتحال سب سے پہلے معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے، معاشی اعشاریے حوصلہ افزا ءہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری ہو رہی ہے ۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی نتھیا گلی منتقلی جیسی کوئی بات بھی نہیں ہے ، مجھے کسی قسم کی آفرز کا کوئی علم نہیں ہے ، یہ باتیں مارکیٹنگ تکنیک ہے اور کچھ نہیں۔ان کا کہناتھا کہ اداروں میں تعاون بڑھنا شروع ہو گیا ہے ، جس میں عدلیہ اور دیگر ادارے بھی شامل ہیں، تمام اداروں کا ایک دوسرے سے تعاون ملکی مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں