اسلام آباد(پی این آئی)پی ٹی آئی مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم کی پریس کانفرنس، کہا کہ گزشتہ دنوں بار بار کہنے کے باوجود سول نافرمانی کی تحریک کے بارے میں پوچھا جاتا تھا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ جب بانی پی ٹی آئی نے براہ راست سمندر پار پاکستانیوں کو ہدایات دے دی تو پھر ہم نے فیتہ نہیں کاٹنا تھا بانی پی ٹی آئی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ سول نافرمانی کی تحریک کیوں ضروری ہے۔جس ملک میں شخصی آزادی ختم اور آئین و قانون کو پامال کیا گیا ہو، انٹرنیٹ کی بندش سے لاکھوں ڈالرز کی ترسیل روک دی گئی ہو، امن و امان نام کی کوئی چیز نا ہو وہاں سول نافرمانی کی کال دیئے بغیر گزارہ نہیں ہوتا، کامن ویلتھ سے اقوام متحدہ تک کی چارٹرڈ میں یہ سب موجود ہیں،سول نافرمانی کی تحریک کا پہلا مرحلہ جاری ہے اور جاری رہے گا۔
سمندر پار پاکستانی کئی دہائیوں سے اپنے حقوق کی جنگ لڑے رہے ہیں،سمندر پار پاکستانی اپنے لئے ووٹ کا حق مانگتے ہیں،حکومت انہیں پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی دھمکیاں دیتی ہے، گزشتہ دو سال سے سمندر پار پاکستانیوں کی فیملیز کو حراساں کیا جارہا ہے۔انسانی حقوق کی پامالی پر دنیا بھر میں بات ہوتی ہے، جس ملک میں 26 نومبر جیسے قتل ہوں وہاں سول نافرمانی کی تحریک بڑی بات نہیں، بانی پی ٹی آئی نے روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کی بنیاد رکھی تھی۔
پی ٹی آئی مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام نے سمندر پار پاکستانیوں کو ترسیلات زر روکنے پر مجبور کردیا ہے، ایک غیر منتخب حکومت کا رہنا سول نافرمانی کی تحریک سے زیادہ خطرناک ہے،سول نافرمانی کی تحریک پاکستان اور عوام کے خلاف نہیں اس بوگس نظام کے خلاف ہیں۔اگر سمندر پار پاکستانی دو تین مہینے یہ قربانی دے تو حکومت کے لئے ایک دھکا ہی ہوگا، یہ بانی پی ٹی آئی کی کال ہے جس میں کوئی لچک نہیں، مذاکراتی کمیٹی کے مذاکرات تو ابھی شروع بھی نہیں ہوئے،ہم نے کبھی حوالہ ہنڈی کی بات نہیں کی،حوالہ ہنڈی روکنا حکومت کا کام ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام سے قربانی کا مطالبہ کیا ہے، ایک دو ماہ تک اس تحریک کی کامیابی کا اندازہ ہو جائے گا، حکومت سے مزاکرات کسی عدالتی فیصلہ سے نتھی نہیں کرینگے،حکومت سے ڈیل نہیں انصاف مانگ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی عدالت کے ذریعہ ہی ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں