رہنما پیپلزپارٹی کا شہباز حکومت سے متعلق بڑا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کا کہنا ہے کہ اس وقت شہباز شریف کی حکومت ہے مگر وہ حکومتی معاملات پرتوجہ نہیں دے رہے، وہ جلد ریٹائرڈ ہونے جا رہے ہیں۔

اے آر وائی نیوز سے منسلک صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے کچھ وعدے پورے کیے لیکن بے وفائی بھی کی ہے کیوں کہ ن لیگ کی فطرت میں وفا نہیں بہت جلدی بے وفائی پر چلے جاتے ہیں، ن لیگ کے اپنے ہی لوگ کہتے ہیں نواز شریف وفا نہیں کرتے، وہ اقتدار میں آکر اسی ٹہنی کو کاٹتے ہیں جس پر بیٹھتے ہیں لیکن ان کی قسمت اچھی ہے کہ بے وفائی کے باوجود حکومت مل جاتی ہے، تاہم اب نواز شریف خود کنارہ کش ہو کر مریم کو وزیراعظم کیلئے تیار کر رہے ہیں اور شہباز شریف اب ریٹائر ہونے جارہے ہیں۔

نبیل گبول کا کہنا ہے کہ ہماری گردن میں سریا نہیں باقی جماعتوں کے رہنماؤں کی گردن میں ہے، مجھے سمجھ نہیں آرہی حکومت ہے کس کی؟ پتہ نہیں حکومت چل کیسے رہی ہے؟ شہباز شریف کی حکومت ہے مگر وہ حکومتی معاملات میں توجہ نہیں دے رہے، بظاہر لگتا ہے شہباز شریف کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ ان کے بس کی بات نہیں، پیپلزپارٹی کو ڈرائیونگ سیٹ دینا پڑے گی اور حکومت کو سنجیدگی سے سوچنا پڑے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close