ماہ رجب المرجب کا چاند نظر آ گیا، شب معراج کب ہوگی؟ تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی)ماہ رجب المرجب کا چاند نظر آ گیا، شب معراج کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا، ماہ رجب المرجب کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چئیرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا، ملک کے کئی علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں رجب 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، یکم رجب المرجب کل جمعرات 2 جنوری کو ہوگی۔وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور میں ہوا جبکہ زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے ۔ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ یکم رجب کل جمعرات 2 جنوری کو ہوگی۔

جبکہ 27 رجب یعنی شب معراج 28 جنوری بروز منگل کو منائی جائے گی۔ شب معراج 27 اور 28 جنوری کی درمیانی رات یعنی پیر اور منگل کی درمیانی رات کو ہوگی۔ واضح رہے کہ ماہ رجب المرجب کا آغاز ہونے پر رمضان المبارک کی آمد میں بھی کم وقت باقی رہ گیا۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی نے رمضان المبارک کے چاند کی پیش گوئی کردی ہے۔

ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے بتایاکہ متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا آغاز غالباً یکم مارچ 2025سے ہونے کے امکانات ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے آغاز کی حتمی تاریخ کا انحصار چاند کے نظر آنے پر ہے، لہٰذا چاند کا حتمی اعلان چاند دیکھنے کیلئے قائم کردہ کمیٹی کی جانب سے ہی کیا جائے گا۔ جبکہ پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز 2 مارچ سے ہونے کا امکان ہے۔
اردو پوائنٹ ویڈیوز

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close