لاہور (پی این آئی) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے 11 ماہ میں 31 فیصد زیادہ پیسے بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کر دی ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق مریم اورنگزیب نے سال 2024 کے پہلے 11 ماہ میں ترسیلات زر میں مزید 31 فیصد اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اب بیرون ملک مقیم پاکستانی جھوٹ فریب اور فراڈیوں کے جھانسے میں آنے والے نہیں۔انہوں نے کہا کہ مار دو، جلا دو، گالم گلوچ، غنڈہ گردی، جھوٹ فراڈ سول نافرمانی کی کالز سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، 9 مئی کے مجرموں سے ملک کی ترقی، سنبھلتی ہوئی معیشت، عوام کی خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی جس کو 4 سال میں تباہ و برباد کر کے گئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے مجرم، ملک کو لوٹنے والے چور اور ملک کو جلانے والے بہروپئے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اوورسیز پاکستانی سنبھلتی ہوئی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کبھی دوسروں پر جھوٹے الزامات، کبھی سائفر کا فراڈ ،ہر بات پر جھوٹ ، اب کوئی ماننے والا نہیں، ”امریکا نے میری حکومت گرائی“ سے ”امریکا مجھے بچالو“ ! کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ جو پاکستان کی معیشت مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت مبارکباد کی مستحق ہے، 8 ماہ میں مہنگائی کی رفتار 38 سے کم کر کے 4 فیصد اور پالیسی ریٹ 22 سے 13 فی صد پر آنا معجزے سے کم نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں