صدر مملکت آصف علی زرداری نے سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ 2024 پر دستخط کر دیے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری گزٹ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ صدر پاکستان کے دستخط کے بعد دینی مدارس کی رجسٹریشن کا بل قانون بن گیا ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا بتانا ہے کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرلیا گیا ہے ، قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی۔خیال رہے کہ چند روز قبل دینی مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر کے انہیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔
اس سے قبل صدر آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور دینی مدارس کی رجسٹریشن کے سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ پر اعتراض لگا کر اسے واپس بھیج دیا تھا جس پر جے یو آئی نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ لگتا ہے کہ صدر پاکستان نے بیرونی دباؤ میں آکر سوسائٹی ایکٹ پر دستخط نہیں کیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں