ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آگیا

اسلام آباد(پی این آئی) ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کا ردعمل آگیا۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے بیان میں کہا ہے کہ انصاف مکمل شفافیت کا متقاضی ہے اور ریاست روایتی طرزِعمل سے بالاتر ہوکر انصاف کے قیام کی پابند ہے، پہلے سے طے شدہ تاثرات اور تصورات کی روشنی میں فیصلے سنانے سے انصاف قائم ہوسکتا ہے نہ اسے بطور انصاف کوئی قبولیت میسر آسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جزا و سزا کے فیصلے آئین کے تحت عدالتی نظام کے ذمے ہیں، دفاعی اداروں کے عدالتیں لگانے سے انصاف اور ریاست کے دستوری نظام پر نہایت مہلک اثرات مرتب ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ فوجی عدالتوں کے نہیں، آزاد آئینی عدالتوں کے فیصلے ہی دنیا میں قبولیت کا درجہ پاتے ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ملک میں انتشار اور کشمکش کی بنیادی وجہ ریاست کے طرزِ فکر و عمل اور بیان و اظہار میں سنگین نوعیت کا بگاڑ ہے، نہایت ناقص، غیرحقیقی اور نفرت آمیز بنیادوں پر کھڑا ریاستی بیانیہ عوام اور ریاستی اداروں کو مدمقابل لانے اور تصادم کی کیفیت کو ہوا دینے کی بڑی وجہ بن رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور ریاستی فیصلہ سازوں کی ناقص پالیسیوں پر تنقید اور عوام کی جانب سے اپنی آراء کے اظہار کو ”انتشار“ یا ” ریاست مخالفت“ کی عینک سے دیکھنے کی روش پاکستان کیلئے تباہ کن ثابت ہورہی ہے، پر امن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے تو ہمیں اس سے کیوں محروم رکھا جارہا ہے ہمارے راستے کیوں بند کیے جاتے ہیں ۔ آرٹیکل245 کیوں لگایا جاتا ہے راستے بلاک اور پرامن اور نہتے کارکنان کو گرفتار کرکے شرپسند بنادیا جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close