2024میں بھارت کیجانب سے کتنی بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی؟ڈی جی آئی ایس پی آر کا بڑا انکشاف

راولپنڈی(پی این آئی)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہاکہ اگر ہم لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بات کریں تو بھارت کی جانب سے مشرقی سرحد پر خطرات کا بخوبی اداراک ہے، بھارت ہمیشہ کی طرح اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے اور خطے میں اجارہ داری قائم کرنے کیلئے جو اقدامات کر رہاہے پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ رواں سال متعدد مرتبہ بھارت کی جانب سے مختلف سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی،جس میں 25 سیز فائر وائلیشن ، 564 سپکولیٹو فائر، 61 ایئر سپیس وائلیشن، 181 ٹیکٹیکل وائلیشن کے واقعات شامل ہیں،ان کاکہناتھا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے رواں سال متعدد فالز فلیگ آپریشن بھی کئے گئے جن کا مقصد اندرونی سیاست اور انتشار سے توجہ ہٹانا تھا، حیران کن طور پر تمام آپریشن کی اطلاع را سے جڑے جعلی سوشل میڈیا پراپیگنڈے کے ذریعے دی جاتی رہی۔

ان کاکہناتھا کہ پاکستان کی فوج لائن آف کنٹرول پر کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے ، یہ بات طے ہے کہ ہم ہر قیمت پر اپنی سالمیت، خودمختاری کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے ، بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو غیر قانونی آپریشن کو شہید کیا جارہاہے یہ سب دنیا کے سامنے ہے ، بھارت کے زیرتسلط کشمیر میں عوام اقوام متحدہ کی قرار داد کے تحت اپنے حق خود ارادیت کیلئے عالمی توجہ کے منتظر ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close