اسلام آباد (پی این آئی)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کی طرف سے جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق شیخ رشید احمد نے سپریم کورٹ میں سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ذریعے پٹیشن داخل کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ میرے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لئے ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں، مقدمہ کے 95 گواہان میں سے کسی نے بھی شیخ رشید کو نامزد نہیں کیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید ایف آئی آر میں نامزد نہیں ہیں، 6 ماہ کے بعد محض 8 فروری کے الیکشن سے باہر کرنے کے لئے نام ڈالا گیا، ہمراہی ملزم صداقت علی عباسی کے 164 کے جبری بیان کو بنیاد بنا کر اعانت جرم کا الزام لگایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق ایک ملزم کا بیان دوسرے ملزم کے خلاف استعمال نہیں کیا جاسکتا، صداقت عباسی پہلے ہی اپنے بیان کی تردید کرچکے ہیں۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید کا جی ایچ کیو حملہ کیس سے کوئی تعلق نہیں، انہیں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265K کے تحت بری کیا جانا چاہئے تھا، اگر فرد جرم کے لئے ٹھوس مواد موجود نہ ہوں تو فرد جرم نہیں لگائی جاسکتی۔پٹیشن کے ساتھ حکم امتناعی کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے اور پٹیشن کی جلد سماعت کی بھی درخواست دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں