سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا کے 3 مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں میں 13 خارجی دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر محمد اویس شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جاری اعلامیے میں بتایا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر بنوں کے علاقے جانی خیل میں کارروائی کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں ایک اور خفیہ اطلاع پر کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج کا بہادری سے مقابلے کرتے ہوئے 31 سالہ میجر محمد اویس نےجام شہادت نوش کیا، ان کا تعلق ضلع ناروال سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میجر محمد اویس شہید نےاہلیہ، بیٹا، والدین، بہن بھائیوں کو سوگوار چھوڑا ، انہوں نے 10سال تک دفاع وطن کا فرض انجام دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ تیسرا آپریشن جنوبی وزیرستان میں کیا گیا، جہاں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئےجبکہ 8 زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کسی بھی خارجی دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں