اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے مطالبہ کیا ہے کہ 9 مئی کے مجرمان کے بعد اب ان واقعات کے منصوبہ سازوں کو بھی سزائیں ملنی چاہئیں۔
عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 9 مئی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سازش تھی، واقعے کے مجرمان کو شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں، تمام مجرمان کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ 9 مئی کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت حملے کیے گئے تھے، آج بہت بڑا دن ہے دفاعی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو سزا ہوئی، دفاعی تنصیبات پر حملے کیے گئے جبکہ عمران خان ان کے ترجمان تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی کرسی پر جو جوتے رکھ کر بیٹھا تھا اسے بھی سزا ہوئی ہے، انہیں بھی سزائیں ہوئیں جنہوں نے ملک دشمن کا خواب پورا کیا تھا، 9 مئی کیس کے فیصلے سے انصاف کا بول بالا ہوا ہے، مجرمان کو ٹرائل کے دوران تمام بنیادی حقوق دیے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ سانحے کے ماسٹر مائنڈ کو بھی کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے، 9 مئی کے مجرمان کو سزائیں دینے کے فیصلے کو ویلکم کرتے ہیں لیکن اس کے منصوبہ سازوں کو بھی سزائیں ملنی چاہئیں۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں تک بھی یہ ٹرائل پہنچنا چاہیے، مجرموں نے ملک دشمنوں کا خواب پورا کیا تھا، آئندہ کیلیے راستہ بند ہے کہ کوئی ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ملٹری کورٹس میں سزا کے خلاف رائٹ ٹو فیئر ٹرائل موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان سزاؤں کے حوالے سے 2 رائٹ ٹو اپیل ہے، آئندہ کوئی بھی ملک میں انتشار پھیلانے کی جرات نہیں کرے گا، بہت سے لوگوں نے ان کے فیصلے سے اختلاف کیا تھا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ آج تو عمران خان نے بھی کہہ دیا کہ معیشت مستحکم ہو رہی ہے، اب پیچھے کیا رہ گیا؟
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں