سپریم کورٹ میں26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف ایک اور درخواست دائر

اسلام آباد(پی این آئی)سنی اتحاد کونسل نے 26 ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے عدالت میں دائرکی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ 26 ویں آینی ترمیم غیر آئینی، غیر قانونی اور ناقابل عمل ہے۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ 26 ویں ترمیم سے آئین کی اہم خصوصیات اور بنیادی اقدار ختم ہو گئی ہیں، ترمیم سے عدلیہ کی آزادی بھی ختم ہو گئی جبکہ بنیادی حقوق اور اختیارات کی تقسیم متاثر ہوئی ہے.درخواست میں کہا گیا کہ چھبیسویں ترمیم آئین کی بنیادی خصوصیات بدلنے، منسوخ کرنے یا ختم کرنے کی کوشش ہے، ترمیم آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت غیر قانونی اور ناقابل عمل ہے درخواست میں استدعا کی گئی کہ چھبیسویں ترمیم کو غیر آئینی قرار دیا جائے، اس کے سیکشنز 7، 10، 14، 17، 21 اور 27 کو بھی غیر آئینی قرار دیا جائے. درخواست میں کہا گیا کہ ترمیم غیر قانونی اور غلط طریقے سے منظور کی گئی، چھبیسویں آینی ترمیم کے ذریعے ہونے والے تمام فیصلوں، نوٹیفکیشنز اور تقرریوں کو کالعدم قرار دیا جائے، چھبیسویں ترمیم کے حق میں ووٹوں کے حصول کے طریقہ کار کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں اور ترمیم پاس کروانے کیلئے جبری اقدامات اورغیرقانونی طریقوں کے الزامات کی تحقیقات کی جائیں.

درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر)ترمیمی ایکٹ 2024 اور سپریم کورٹ(ٓججز کی تعداد) ترمیمی ایکٹ 2024 غیر آئینی قرار دیا جائے.

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close