مارچ کا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 25 دسمبر کو منڈی بہاوالدین سے کسان مارچ کا آغاز کریں گے، کسانوں کے حقوق کی تحریک کا دائرہ کار پورے ملک میں وسیع کریں گے، زراعت اور چھوٹے کسانوں کے مسائل جماعت اسلامی کے علاوہ کسی سیاسی پارٹی کا ایجنڈا نہیں۔ 29 دسمبر کو اسلام آباد میں فلسطین یکجہتی ملین مارچ کریں گے۔

حکومت کو کہہ دیا ہے کہ بجلی بلز کے معاملے پر سردیوں تک ہی برداشت کریں گے ورنہ پھر آئیں گے۔ یہ جماعت اسلامی کی تحریک کی برکت ہے، آج حکومت آئی پی پیز سے بات چیت کررہی ہے، حکمران پہلے کہتے تھے آئی پی پیز معاہدوں کو چھیڑا نہیں جاسکتا۔ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات خوش آئند ہیں، دونوں فریقین ملک کی خاطر بہتر فیصلہ کریں،پی ٹی آئی کے ایجنڈے میں فارم پینتالیس بھی شامل ہونا چاہیے۔

حکومت انٹرنیٹ کی سروس کو بہتر کرے،انٹر نیٹ بندش اور سست سروس سے لاکھوں نوجوانون کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔کرم میں صورتحال بہت خراب ہے،بلوچستان کی حالات بھی اچھے نہیں ہیں،بلوچ کو عزت دی جائے، صوبے کی محرومیاں دور کی جائیں۔آپریشن مسائل کا حل نہیں، وفاقی و صوبائی حکومتیں کرم کا مسئلہ مذاکرات سے حل کریں، افغانستان سے بھی مذاکرات کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر میاں محمد اسلم، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، مرکزی میڈیا کوآرڈنیٹر شاہد شمسی اور ڈپٹی میڈیا کوآرڈنیٹر راشد اولکھ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے عوام سے اپیل کی کہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close