ملک گیراحتجاج کا اعلان

لاہور ( پی این آئی) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتیں کم کرے بصورت دیگر جماعت اسلامی ملک گیر احتجاج کا آغاز کرے گی، عوام کال پر تیار رہیں۔

فیصل آباد میں اجتماع ارکان سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے منصورہ آ کر جماعت اسلامی کی قیادت کو آئی پی پیز معاہدوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ہم نے انھیں واضح طور پر بتا دیا ہے کہ عوام کو ریلیف نہ ملا تو جماعت اسلامی کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر ضلع محبوب الزماں بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی پورے ملک میں عوامی کمیٹیاں تشکیل دے رہی ہے، پوری طاقت سے عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کا آغاز کریں گے، تاہم اس سے پہلے حکومت کے پاس وقت ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں کمی کر دے۔

انھوں نے کہا کہ یہ انتہائی شرم کا مقام ہے کہ جس روز گیس کی قیمتوں میں 25 فیصد اضافہ کا اعلان کیا گیا،اسی روز ممبران پنجاب اسمبلی نے اپنی تنخواہوں میں ہزار فیصد تک اضافہ کر دیا۔ حکمران اشرافیہ اپنی مراعات کم کرنے کو تیار نہیں، تنخواہیں بڑھا رہی ہے جب کہ دوسری طرف عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ معیشت کی صورت حال سے متعلق گمراہ کن اعدادوشمار پیش کیے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close