پاکستان میں وزراء کی تنخواہوں میں اضافے پر امریکا کا ردعمل آگیا

واشنگٹن (پی این آئی)پاکستان میں وزراء کی تنخواہوں میں 900 فیصد تک اضافہ، امریکا نے بھی ردعمل دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستان میں مسلم لیگ ن کی پنجاب حکومت کی جانب سے وزراء اور اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں 900 فیصد تک اضافہ کیے جانے پر ردعمل دیا گیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کی معمول کی پریس بریفنگ میں ایک صحافی نے پوچھا کہ پاکستان میں وزراء کی تنخواہوں میں 900 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔صحافی نے سوال جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ابھی ایک ماہ قبل ہی میں نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی وزیر خزانہ سے پوچھا تھا کہ ایک ایسے ملک میں یہ اضافہ بالکل ناقابل قبول ہے جہاں اتنی غربت ہو اور پھر آپ یہاں فنڈز یا قرضے مانگنے آتے ہیں۔

صحافی نے اپنے سوال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے اس مشکل وقت پاکستان کی مدد کی لیکن وہاں کے حکمرانوں نے اپنی تنخواہوں میں 900 فیصد اضافہ کرلیا۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیوملر نے جواب دیا کہ میرے خیال میں تنخواہوں میں اضافے کا سوال پاکستان کے عوام اور وہاں حکومت کا اپنا معاملہ ہے نہ کہ امریکا کا مسئلہ ہے۔ میتھیو ملر نے مزید کہا کہ اس لیے سوال بھی پاکستانی حکومت سے ہونا چاہیے۔ امریکا سے نہیں۔ امریکی ترجمان میتھیو ملر نے زور دیکر کہا کہ ہم دنیا بھر میں کسی بھی ملک کے حکومتی ملازمین کی تنخواہوں پر اپنی رائے نہیں دیتے اور ہماری یہ پالیسی پاکستان کے لیے بھی ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں