پی ٹی آئی کو جھٹکا ،سینئر رہنماؤں سمیت 14 ملزمان پر فرد جرم عائد

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سینیٹر شبلی فراز سمیت مزید 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی جبکہ ملزمان کے صحت جرم سے انکار کے بعد سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔

جمعرات کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سماعت کی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان، علی امین گنڈا پور، شبلی فراز، شاہ محمود قریشی، شبلی فراز، شہریار آفریدی سمیت درجنوں ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سمیت مزید 14 ملزمان پر فردجرم عائد کر دی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور شبلی فراز پر بھی فرد جرم عائد کردی گئی، اس کے علاوہ شہریار آفریدی، کنول شوذب ، شبیراعوان ، لطاسب ستی ، عمر تنویر بٹ ، تیمور مسعود ملک ، سعدعلی خان ، سکندر زیب ، فہد مسعود ، زوہیب آفریدی اور راجہ ناصر محفوظ پر بھی فرد جرم عائد کی گئی۔تمام ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کیا گیا جبکہ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی۔جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں مجموعی طور پر 113 ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے دائر فرد جرم کے لیے ناکافی شواہد کی درخواست پر ابتدائی سماعت مکمل ہوگئی، درخواست پر سماعت کل انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں کی جائے گی۔وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے غلام حسنین سنبل کو پلیڈر مقرر کر دیا گیا، غلام حسنین سنبل 9 مئی کے 12 مقدمات میں علی امین گنڈا پور کے پلیڈر ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں