پیپلز پارٹی نے حکومت پر چڑھائی کر دی

حکومت اتحادی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے انٹرنیٹ اسپیڈ میں کمی پر حکومت پر چڑھائی کردی۔

قومی اسمبلی میں انٹرنیٹ اسپیڈ میں کمی کے معاملے پر حکومتی اتحادی پیپلز پارٹی کے ارکان نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔پی پی پی کی ترجمان شازیہ مری، عبدالقادر پٹیل اور ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ نے حکومت کو انٹرنیٹ کی اسپیڈ میں کمی پر تنقید کا نشانہ بنایا۔شازیہ مری نے کہا کہ ہنسی آرہی ہے، کم ترین انٹرنیٹ اسپیڈ پر ڈیجیٹل نیشن بل لایا گیا ہے، ہمارے تو فائروال کا نام سن سن کر کان پک گئے ہیں۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ انٹرنیٹ کا ایسا ستیاناس کبھی نہیں دیکھا، نہ ایکس چل رہا ہے، نہ وائی اور زیڈ، نہ وائس نوٹ کھل رہا ہے اور نہ تصویر سامنے آرہی ہے، کاروبار اور بچوں کی تعلیم کا نقصان ہورہا ہے۔ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ نے وزیر مملکت شزا فاطمہ کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اتنے معزز ارکان نے انٹرنیٹ کی شکایت کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم بھی استعمال کرتے ہیں، انٹرنیٹ کی اسپیڈ ٹھیک نہیں ہے، بہتری کی گنجائش ہے، بہتری آنی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close