ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار سے متعلق پی ٹی اے کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) نے سال 2024 کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار ماضی کے مقابلے بہتر ہوئی اور مجموعی طور پر انٹرنیٹ کی سپیڈ میں 28 فیصد اضافہ ہوا۔

ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی اے کے دعوے کے برعکس انٹرنیٹ سروسز پر نظر رکھنے والے اداروں کے مطابق رواں برس پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست رہی جب کہ ملک میں متعدد بار انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بند بھی کی گئیں۔پاکستان میں رواں برس فروری میں عام انتخابات کے بعد متعدد مواقع پرملک میں انٹرنیٹ کی سروسز انتہائی سست رہیں جب کہ بعض مواقع پر انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بند بھی رہیں۔

لیکن اب پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ رواں برس موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں مجموعی طور پر 28 فیصد اضافہ ہوا۔پی ٹی اے کے مطابق سالانہ رپورٹ چیئرمین میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمٰں کی جانب سے سینیٹ چیئرمین یوسف رضا گیلانی کے حوالے کی گئی۔سالانہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 24-2023 کے دوران ٹیلی کام شعبے کو 955 ارب روپے آمدنی ہوئی جب کہ اسی عرصے کے دوران 2 کروڑ 96 لاکھ موبائل ڈیوائسز مقامی سطح پر تیار کی گئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں