ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار سے متعلق وزیر مملکت آئی ٹی کا اہم بیان آگیا‎

اسلام آباد ( پی این آئی) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ نے پاکستان میں انٹرنیٹ کی سپیڈ کم ہونے کا اعتراف کر لیا۔

نیشنل براڈ بینڈ نیٹ ورک فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ فائبرآئزیشن پالیسی اور فائیو جی سے انٹرنیٹ کی صورتحال میں بہتری آئے گی، وزیر اعظم نے اپنی سربراہی میں نیشنل ڈیجیٹل کمیشن بنایا ہے جو 5 سال کا لائحہ عمل پیش کرے گا، چاروں وزرائے اعلیٰ اور اہم وزراء کمیشن کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، بل جلد منظور ہونے کی امید ہے، بل کی منظوری کے بعد نیشنل ڈیجیٹل کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جس کے سربراہ وزیراعظم ہوں گے، امید ہے اپوزیشن ڈیجیٹل پاکستان بل پر ساتھ دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیجیٹل کمیشن کے ماتحت ڈیجیٹل اتھارٹی بنائی جائے گی، آنے والے سالوں میں پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار بہتر ہوگی، ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری آئے گی، نیشنل فائبرآئزیشن پالیسی پر تیزی سے کام جاری ہے، فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی اپریل میں ہوگی، فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی اور فور جی کو بہتر کیا جائے گا۔وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان میں سائبر سکیورٹی کے چیلنجز درپیش ہیں، روزانہ کی بنیاد پر سائبر سکیورٹی کے حملے ہوتے ہیں، سائبر سکیورٹی اور ڈیٹا پروٹیکشن کی ذمے داری بھی ہماری ہے، اس پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close