خواجہ آصف کا تحریک انصاف سے مذاکرات سے متعلق بڑا بیان سامنے آگیا‎

اسلام آباد(پی این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ حکومت پی ٹی آئی مذاکرات اس وقت تک شروع نہیں ہوسکتے جب تک خود عمران خان کا کلیئر میسج نہ آجائے۔

جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی ایک آواز ہے جو بانی پی ٹی آئی کی ہے، باقی جتنے رہنما ہیں وہ سب بانی پی ٹی آئی سے ہی ہدایت لیتے ہیں، جب تک بانی پی ٹی آئی کا واضح میسج نہیں آئےگا مذاکرات نہیں ہوسکتے۔سول نافرمانی کی تحریک کو نان اسٹارٹر قرار دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دلیہ اور کارن فلیکس کی طرح بانی پی ٹی آئی بھی فوجی پراڈکٹ ہے، بعض اوقات پراڈکٹ اپنی اوقات بھول جاتی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہےکہ امریکا سے ہمارا گہرا تعلق ہے، امریکا سے تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، ہمارے ملک میں کیا ہونا چاہیے کیا نہیں اس کا ہمیں بہتر پتہ ہے، اپنے مفادات کا تحفظ ہم نے کرنا ہے، امریکا یا کسی اور ملک کو نہیں پتہ، ہم بہتر سمجھتے ہیں کہ ہمارے فائدے میں کیا ہے اور نقصان میں کیا ہے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمارے بہت سے مالی ادارے ہیں جن کی امریکا وقتاً فوقتاً مدد کرتا ہے، اگر امریکا ہم سے ناراض ہوتا توکیا آئی ایم ایف کا پروگرام ہمیں مل سکتا تھا؟

افغانستان کے حوالے سے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں موجودہ حکمرانوں سے ہماری سلام دعا 70 کی دہائی سے ہے، ہمارا افغانستان سےصرف ایک ہی اختلاف ہے، ہمارا اختلاف یہ ہےکہ افغانستان کی سرزمین ٹی ٹی پی استعمال نہ کرے، اس مسئلے پر ہم باربار افغان حکومت کو اپروچ کر رہے ہیں، جن ممالک کے ساتھ ہمارا اور افغانستان کا بھائی چارہ ہے وہ دوبارہ تعلقات کی بحالی کے لیےکردار ادا کر رہے ہیں، میرا خیال ہےکہ بہت جلد چیزیں نارمل ہونا شروع ہوجائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں