مدارس بل پر مولانا فضل الرحمان کیساتھ ہاتھ ہوگیا

اسلام آباد (پی این آئی)عوامی نیشنل پارٹی( اے این پی) کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ مدارس بل پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ دھوکا نہیں ہاتھ ہوگیا ، بہت زیادتی کی گئی۔

ایمل ولی خان نے جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان میں کوئی فرق نہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بھی وعدے کرکے دھوکا کرتے تھے ، اب حکومت پر یقین کون کرے گا، مدارس بل پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ دھوکا نہیں ہاتھ ہوگیا۔اس سوال پرکہ کیا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ صدر زرداری نے دھوکا کیا؟ ایمل ولی خان نے کہا دھوکا تو سسٹم کر رہا ہے ، زرداری صاحب تو کرسی پر بیٹھے ہیں۔

خیال رہے کہ صدر مملکت کی جانب سے مدارس رجسٹریشن بل پر اعتراضات لگائے گئے ہیں، صدر مملکت نے اعتراض کیا کہ بل کے قانون بننے سے مدارس اگر سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹر ہوں گے تو ایف اے ٹی ایف اور جی ایس پی سمیت دیگر پابندیوں کا خدشہ ہے، مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹیز ایکٹ کے ذریعے شروع کی گئی تو قانون کی گرفت کم ہوسکتی ہے پھر قانون کم اور من مانی زیادہ ہوگی۔اس حوالے سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو ڈیڈ لائن دی تھی۔ان کا کہنا تھاکہ 17 دسمبر کو وفاق اور تنظیمات المدارس کا اجلاس 17 دسمبر کو بلایا ہے جس میں لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close