فیصل واوڈا نے وفاقی حکومت کو اہم “مشورہ ” دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی)حکومت خود کو مضبوط کرنا چاہتی ہے تو کیا کرنا ہو گا ۔۔۔؟ سینیٹر فیصل واوڈا نے اہم “مشورہ ” دیدیا

“دی نیوز” کے انصار عباسی سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے ان کی ملاقاتوں کا مقصد شہباز شریف کی حکومت کو کمزور کرنا یا انہیں ہٹانا نہیں۔ صرف یہ چاہتے ہوں کہ حکومت اپنے تمام اتحادیوں کے مینڈیٹ کا احترام کرے۔ شہباز شریف کی حکومت ہٹانے آیا ہوں اور نہ میرا حکومت کو کمزور کرنے کا کوئی ایجنڈا ہے، میرا ایجنڈا نظام مضبوط کرکے پاکستان کی خدمت کرنا ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے یہ پیشکش بھی کی کہ وہ احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کے خاتمے کیلئے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے پل کے طور پر کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں اسٹیبلشمنٹ نے یہ سب کرنے کیلئے کہا ہے، تو واوڈا نے کہا کہ انہیں ایسا کرنے کیلئے کہا گیا ہے اور نہ یہ کہا گیا ہے یہ سب نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت دیگر اتحادی جماعتوں (پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، بی اے پی) کے مینڈیٹ کا احترام نہیں کرتی تو وہ غیر مقبول رہے گی، اگر حکومت خود کو مضبوط کرنا چاہتی ہے تو اسے نہ صرف اپنے تمام اتحادیوں بلکہ اپوزیشن کے مینڈیٹ کا بھی احترام کرنا ہوگا۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ میری ملاقاتوں نے حکومت میں موجود کئی لوگوں کو پریشان کر دیا ہے حالانکہ وہ یہ جانتے ہی نہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور آیا اسے سراہنا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close