پی ٹی آئی نے فیض حمید پر چارج شیٹ فوج کا اندرونی معاملہ قرار دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نےکہا ہےکہ فیض حمید پر چارج شیٹ فوج کا اندرونی معاملہ ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ فیض حمید پر چارج شیٹ سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے، فوج کے اپنے قواعد اور قوانین ہیں جس کے تحت وہ ٹرائل کرتی ہے۔بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی تحریک کے بارے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بات ہوگی۔خیال رہےکہ انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو باضابطہ طور پر چارج شیٹ کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی گئی اور فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے اگلے مرحلے میں فیض حمیدکوباضابطہ طور پر چارج شیٹ کیا گیا۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کےخلاف چارجز میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے ریاست کے تحفظ اور مفاد کو نقصان پہنچانا ہے۔فیض حمید پر چارجز میں اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال اور افراد کو ناجائز نقصان پہنچانا شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ ملک میں انتشار، بےامنی سے متعلق پُرتشدد واقعات میں فیض حمید کے ملوث ہونے کی علیحدہ تفتیش بھی جاری ہے، پُرتشدد اور بے امنی کے متعدد واقعات میں 9 مئی سے جڑے واقعات بھی شامل تفتیش ہیں، ان متعدد پُرتشدد واقعات میں مذموم سیاسی عناصرکی ایما اورملی بھگت بھی شامل تفتیش ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے عمل کے دوران لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو قانون کے مطابق تمام قانونی حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close