پی ٹی آئی کا 15 دسمبر کیلئے بڑا اعلان سامنے آ گیا

بانی پی ٹی آئی کی ہمیشرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے 15 دسمبر کو یوم شہداءکا دن مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، پشاور سمیت دنیا بھر میں کارکنان دعا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں بات چیت کے دوران پتا چلا کہ بانی پی ٹی آئی کو معلوم نہیں تھا کہ ڈی چوک اسلام آباد میں کتنی شہادتیں ہوئیں اور کتنے لوگ زخمی ہوئے ہیں؟

گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بانی کو علم نہیں تھا کہ کتنے کارکنان لاپتا ہیں، بانی پی ٹی آئی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ابھی تک 200 سے زائد کارکنان لاپتا ہیں، وہ لاپتا کارکنان کے حوالے سے فکر مند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ”کفر کا نظام چل سکتا ہے، لیکن ظلم کا نہیں“، ہم اس نظام کو قبول نہیں کریں گے، 9 مئی کے بعد اب 26 نومبر کا مطالبہ بھی مطالبات میں شامل کر لیا گیا ہے۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ بانی نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں رقوم بھیجنے سے روک دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے تین سینئر ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، دونوں سانحات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کے بغیر تحقیقات ممکن نہیں، گرفتار کارکنان کو رہا کیا جائے ، غیرقانونی مقدمات فوری ختم کئے جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں