مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اسلام آباد کی طرف مارچ مؤخر

جمیعت علماء اسلام (ف) نے مدارس رجسٹریشن بل پر اسلام آباد کی طرف مارچ کو مؤخر کردیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں ”اسرائیل مردہ باد کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں 50 ہزار کے قریب شہدا میں 75 فیصد بچے اور خواتین ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکا اسرائیل کو سپورٹ کر رہا ہے، کیا ان کو انسانی حقوق کی بات کرنے کا حق ہے؟ ان کے ہاتھوں سے انسانوں کا خون ٹپک رہا ہے، امریکا اور اسرائیل انسانیت کے قاتل ہیں، امریکا اور مغربی دنیا انسانیت کے قاتل ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطین پر صہونیت کا کوئی حق نہیں ہے، فلسطین کی سرزمین فلسطینیوں کی ہے، ہم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، فلسطین کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ 20 سال تک افغانستان میں افغانوں کا قتل عام ہوتا رہا، غزہ کے مسلمانوں پر بمباری ہو رہی ہے، اسرائیل بے بس اور مظلوم مسلمانوں پر بمباری کررہا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ 26ویں ترمیم لائے، ہم نے ایک صحت مند ترمیم دی، یہ 56 شقوں پر مشتمل ترمیم ایک کالا ناگ بنا کر لائے تھے، ہم اس ترمیم کو 56 سے 34 شقوں پر لائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومتیں عوام کی نہیں ہیں، ہم عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ججز کو کمزور کیا گیا ہے، پہلے ترمیمی بل ہم سے چھپایا جارہا تھا،پھر کہا جارہا تھا کہ 9 گھنٹے میں ترمیم پاس کروانی ہے، ہم نے انکار کیا، پھرایک ماہ تک اس پر ہم بات چیت کرتے رہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں نے سکھر میں کہا تھا حتمی فیصلہ پشاور کے جلسہ عام میں کریں گے، آج مفتی تقی عثمانی صاحب سے بات ہوئی، اس میں طے یہ ہوا کہ تمام اتحاد مدارس کا اجلاس ہوگا اور سب کو اعتماد میں لے کر ایک متفقہ مؤقف اختیار کریں گے، اس کے بعد اگر کال دینی پڑی تو آپ تیار رہیں، 16 یا 17 دسمبر کو یہ اجلاس ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں دھمکیاں مت بھیجا کرو، وردی والوں ایجنسیاں والوں، ہمیں دھمکیاں مت بھیجا کرو، دھمکیوں سے ہم ڈرتے نہیں، ہم بگڑتے ہیں، ہم تو تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ہم نے تو ان جیالوں کو قابو رکھا ہوا ہے، اگر ہم نے آںے کا فیصلہ کیا تو تمہاری گولیاں ختم ہوجائیں گی ہمارے سینیے ختم نہیں ہوں گے‘۔

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’شرافت سے رہو گے تو شرافت سے رہیں گے اور اگر بدمعاشی کروگے تو ہم سے بڑا بدمعاش کوئی نہیں ہوگا‘۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انہوں نے ابھی ایک اور چال چلی ہے، ہمارے ہی رنگ کے مولویوں کو اٹھا کر میڈیا پر لارہے ہیں، تم علماء کو لڑانے کی کوشش کر رہے ہو، ہم علماء سے نہیں لڑیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں