فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں پاک فوج کی قانونی تعیناتی کے خلاف پروپیگنڈے پر اظہار تشویش

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے دارالحکومت کی اہم سرکاری عمارتوں کو محفوظ بنانے کے لیے پاک فوج کی قانونی تعیناتی کے خلاف بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے پر اظہار تشویش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

فورم کے شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ پروپیگنڈہ بعض سیاسی عناصر کے مذموم عزائم کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے، پروپیگنڈے کا مقصد پاکستان کی عوام، مسلح افواج اور اداروں کے درمیان دراڑ پیدا کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں اس بات کے عزم کا اظہار کیا گیا کہ سیاسی و مالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

فورم نے کشمیری عوام کےلیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔

فورم نے انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کا جامع تجزیہ کیا، فورم نے بلوچستان میں دہشت گردوں بالخصوص بی ایل اے مجید بریگیڈ کے خلاف آپریشن پر خصوصی توجہ دینے کا عزم کیا۔

اسی طرح فورم نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلیے دشمن قوتوں کی ایماء پر کام کرنے والے دہشت گردوں کو بےاثر کرنے کا عزم کیا۔ فورم نے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو بےاثر کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

شرکاء فورم کا کہنا تھا کہ یہ پروپیگنڈا بعض سیاسی عناصر کے مذموم عزائم کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔ پروپیگنڈے کا مقصد پاکستان کی عوام، مسلح افواج اور اداروں کے درمیان دراڑ پیدا کرنا ہے۔

شرکاء کانفرنس نے کہا کہ بیرونی عناصر کی مدد سے کیے گئے پروپیگنڈے کی ایسی مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

فورم نے کہا کہ سیاسی و مالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close