روس سے خام تیل خریدنے کی خبریں، حکومت کا ردعمل آگیا

اسلام آباد(پی این آئی)وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے روس کے ساتھ خام تیل کے معاہدے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو سے ایسی کوئی ڈی نہیں ہو رہی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا روس سے خام تیل سے متعلق ڈیل کی خبریں بالکل غلط ہیں، روس کے ساتھ کسی ایسے نتیجے پر نہیں پہنچے کہ کوئی ڈیل ہورہی ہے، روس سے خام تیل سے متعلق کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔مصدق ملک کا کہنا تھا روس سے خام تیل کا کوئی کارگو نہیں خرید رہے، ایسا فریم ورک بنا رہے ہیں کہ صارف کو سستا تیل ملے۔ان کا کہنا تھا پاکستان ایل این جی کا کوئی اضافی کارگو نہیں لے گا، ہمارے پاس ایل این جی سرپلس ہے، ایل این جی کی قیمتیں گر چکی ہیں۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا پاکستان اپنے 5 ایل این جی کارگوز مؤخر کر چکا ہے، مزید 5 ایل این جی کارگو کو مؤخر کرنا زیر غور ہے، بجلی کارخانے ایل این جی نہیں خریدرہےاس لیے گیس اضافی ہو رہی ہے، درآمدی گیس مہنگی ہونے کی وجہ سےنجی شعبہ ایل این جی کی خریداری نہیں کر رہا۔ان کا کہنا تھا موسم سرما کیلئے گیس پلان چند دنوں میں تیار ہو جائے گا،ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے منصوبے پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا لیکن ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر رعایت ملی تو فائدہ ضرور اٹھائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک کا کہنا تھا وزیراعلیٰ سندھ نے 35 فیصد اضافی گیس تھرڈ پارٹی کو دینے کے خلاف کوئی رابطہ کیا، میرے سامنے ایسی کوئی بات نہیں آئی، معاملہ میرے پاس آیا تو دیکھیں گے، میرے مؤقف کے بغیر میرے خلاف خبریں دی جاتی رہیں، میرے بارے میں کہا جاتا رہا ہے اجلاسوں میں سرکت نہیں کر رہا حالانکہ میں ملک سے باہر تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close