عمران خان کی اڈیالہ جیل سے منتقلی کی خبروں پر جیل ذرائع کا ردعمل آگیا

راولپنڈی(پی این آئی) ذرائع اڈیالہ جیل راولپنڈی کا بتانا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی منتقلی سے سوشل میڈیا پر زیر گردش افواہوں میں کسی قسم کی صداقت نہیں ہے۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل میں ہیں اور ان کی صحت بھی بالکل ٹھیک ہے، بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے منتقلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان معمول کے مطابق اپنے سیل میں موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی کے سیل کو تھانہ نیو ٹاؤن کا حصہ قرار دیا گیا ہے، وہ 2 دسمبر تک تھانہ نیو ٹاؤن پولیس تحویل میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 28 ستمبر کے احتجاج کے مقدمے میں پولیس نے گرفتاری ڈالی ہے۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل اسپتال کے ڈاکٹر بانی پی ٹی آئی کا روزانہ طبی معائنہ کرتے ہیں، عمران خان کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول نارمل ہے، وہ روزانہ دو بار ورزش کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق جیل مینول کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو تمام سہولیات دستیاب ہیں، انکی صحت اور کھانے کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، عمران خان کی سکیورٹی کیلئے عملہ ہر وقت تعینات رہتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں