ملک بھر میں موبائل سروس ، انٹرنیٹ بحال

اسلام آباد ( پی این آئی ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں موبائل سروس ، انٹرنیٹ بحال اور سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔

انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان بھر میں زندگی معمول پر آگئی ہے، ملک بھر میں موبائل سروس ، انٹرنیٹ بحال اور سڑکیں کھول دی گئی ہیں، ہم گزشتہ 3 دنوں میں ہونے والی تکالیف کیلئے معذرت خواہ ہیں، سکیورٹی اقدامات شہریوں کو مظاہرین سے بچانے کیلئے ضروری تھے۔محسن نقوی نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج ایک بار پھر مثبت رجحانات دکھا رہی ہے۔ مزید برآں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی واقعات کے ملزمان کو بروقت سزائیں ملتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، ایسی تخریب کاری اور فتنے کا ہمیں ہرصورت خاتمہ کرنا ہوگا، ملکی معیشت کی ناؤ کو ہچکولے دینے والے کون ہیں؟احتجاج کی وجہ سے 190 ارب روپے کا یومیہ نقصان پہنچا ہے، ذاتی مفاد کیلئے قوم کو نقصان پہنچانا سب سے بڑا جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں واقعات کی مذمت کرتے ہیں، تحریک انصاف نے اسلام آباد میں فساد برپا کیا۔ احتجاج سے معیشت کو جس قدر نقصان پہنچا وہ آپ لوگوں کے سامنے ہے، دکانیں اورکاروبار بند تھا، ٹریڈرز ، دیہاڑی دار دھائیاں دے رہے تھے، ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے مشکلات بنی ۔ جڑواں شہروں میں زندگی معطل ہوچکی تھی، ہمارا اسٹاک ایکسچینج 99 ہزار سے اوپر چلا گیا تھا، صرف کل ایک دن میں فسادیوں کی وجہ سے جو پاکستان کی ترقی خوشحالی کے مستقل دشمن بن چکے ہیں، ان کی وجہ سے 4ہزار پوائنٹس کم ہوئے، آج جب امن بحال ہوا تو آج بھی 99ہزار سے اوپر چلا گیا ہے، یہ پرندے کی طرح سے ہے، کہ وہ شور سنے گا تو اڑان بھرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں