عمران خان کیلئے بری خبر آگئی

اسلام آباد(پی این آئی) تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران ہکلہ انٹرچینج کےقریب پولیس کانسٹیبل کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف درج کرلیا گیا۔

مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، عمر امین گنڈاپور، سالار خان کاکڑ اور شاہد خٹک کو ملزم نامزد کیا گیا ہے جب کہ مقدمے میں انسداد دہشتگردی ایکٹ سمیت 14 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور قیادت کی مجرمانہ سازش کے تحت ملزمان نے پولیس افسران اور اہلکاروں پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا، ملزمان کی شیلنگ کے باعث پولیس منتشر ہوئی۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہےکہ ملزمان نےکانسٹیبل مبشرحسن کو زخمی کیا اور اغوا کرکے لے گئے، بعد میں ہکلہ پل کے نیچے پھینک کر فرار ہوگئے جس کے بعد کانسٹیبل مبشر حسن کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

واضح رہے کہ ہکلہ انٹرچینج کے قریب مبینہ طور پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے تشدد سے جاں بحق پولیس کانسٹیبل مبشر کا تعلق مظفرگڑھ سے تھا، 46 سالہ مبشر کے 2 بیٹیوں سمیت 3 بچے ہیں۔خیال رہے کہ تحریک انصاف نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close