پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار

اسلام آباد (پی این آئی) پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار کرلی گئی۔

اے آروائی نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے ڈی چوک تک پہنچنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا، ڈی چوک کے اطراف سیکٹرز میں قائم تمام مارکیٹیں انتظامیہ نے بند کرا دی ہیں، میلوڈی، بلیوایریا، آبپارہ ، ایف 6اور ایف 7 کی مارکیٹیں سیل کردی گئیں۔مظاہرین کے خلاف رات کو بڑا آپریشن کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ آئی جے پی روڈ اور اسلام آباد کے اہم داخلی خارجی راستے خالی کرانے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ریاست تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے، بشریٰ بی بی لاشیں گرانے کی منصوبہ بندی کر کے آئی ہیں، ریاست فسادیوں کے مقاصد پورا نہیں ہونے دے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ ریاست تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی لاشیں گرانے کی منصوبہ بندی کر کے آئی ہیں۔ کرایہ کے لوگوں کو فرنٹ پر لایا گیا، یہ غریبوں کے بچوں کو ایندھن بنانا چاہتے ہیں۔ 9 مئی کے مقاصد یہ لوگ دوبارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، پولیس اور رینجرز کے شہداء کا خون کس کے ہاتھ پر تلاش کریں ۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ بیلاروس کے صدر کے دورے کو یہ سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، ریاست فسادیوں کے مقاصد پورا نہیں ہونے دے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ سے احتجاج کے لئے کوئی نہیں نکلا، شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ لوگ ملکی ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں، ملک دشمن عناصر کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے رویئے پر کہا کہ خون خرابے کے بغیر ان کا گزارہ نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close