بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور نے حکمت عملی بتادی

اسلام آباد(پی این آئی )پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے 24 نومبر کے احتجاج سے متعلق حتمی حکمت عملی واضح کردی ہے۔

آج نیوز سے گفتگو میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا کہ مذاکرات کا کوئی امکان نہیں، جہاں روکا گیا، وہیں بیٹھ کر احتجاج کیا جائے گا، احتجاج کی کال فائنل ہے، وزیرداخلہ محسن نقوی نے رابطہ کیا تھا لیکن اب تک جواب نہیں دیا، ایک دو روز میں بریک تھرو کا امکان ہے۔بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد میں موجود رہیں گے، قافلے اسلام آباد میں داخل ہوگئے تو وہ بھی احتجاج میں شامل ہوجائیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبرپختونخوا سے قافلے صوابی پہنچیں گے اور پھر مرکزی قافلے کی صورت میں اسلام آباد کی جانب مارچ ہو گا جبکہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی طبیعت کی ناسازی کے باعث احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی۔علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جو حکم دیا ہے اس پر ہر صورت عمل ہو گا۔ ہر صورت ڈی چوک پہنچیں گے۔ بانی پی ٹی آئی، دیگر قیدیوں کی رہائی اور مطالبات کی منظوری تک اسلام آباد میں رہیں گے، میرا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے جو وہ کہیں گے کروں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں