اسلام آباد(پی این آئی): پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں دفعہ 144نافذ کردی جبکہ پی ٹی آئی کی تمام سینیئر قیادت کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملیں پاؤنڈ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔نیب پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی امجد اپنی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
بشری بی بی وارنٹ گرفتاری مسلسل عدم حاضری ہی بناء پر جاری کئے گئے.بشری بی بی کی جانب سے آج بھی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی،بشری بی بی آج بھی عدالت پیش نہ ہوئیں،عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کر دیا۔نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے بتایا گیا کہ میڈیکل سرٹیفکیٹ پشاور کا ہےجبکہ نوٹری پبلک کی تصدیق اسلام آباد کی ہے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نیب آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی۔توشہ خانہ ٹو کیس میں بشری بی بی کی درخواست ضمانت کی منسوخی کیلئے ایف آئی اے کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں