اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کے بعد کیس کو دیگر ملزمان سے الگ کر دیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ دوران سماعت ملزمان راجا راشد حفیظ، واثق قیوم، راجہ خرم نواز، فیصل جاوید، عمر تنویر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جب کہ تمام غیر حاضر ملزمان کے وکلا سردار مصروف، مرتضی طوری، زاہد بشیر ڈار نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ تمام غیر حاضر ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کی جاتی ہے اور ان کے ضمانتی مچلکے منسوخ کیے جاتے ہیں۔ بعدازاں کیس کی مزید سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور، فیصل جاوید، راجہ خرم اور واثق قیوم کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں