اسلام آباد(پی ین آئی) پاکستان میں گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جس پر بہت سے سماجی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے تنقید بھی کی جاتی رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس کے بعد اب نئی مقبول ہورہی سائٹ ” بلیواسکائی” کو بھی بلاک کردیا ہے۔ پی ٹی اے کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب خبریں آرہی تھیں کہ بلیو اسکائی کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور بلیو اسکائی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 16 ملین سے متجاوز کرچکی ہے۔ بلیو اسکائی کو ایکس کیلئے خطرے کی گھنٹی بھی قرار دیا جارہا ہے کیونکہ عالمی سطح پر بہت سے بڑے اداروں نے فیک نیوز اور پراپیگنڈے کی وجہ سے ایکس سے بیزاری کا اظہار بھی کیا ہے۔
تاہم ابھی تک پی ٹی اے کی جانب سے اس بندش کے حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ جس کے بعد اب بلیو اسکائی کو بھی وی پی این کے بغیر استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔ دوسری جانب اسلامی نظریاتی کونسل نے گزشتہ دنوں ایک فتویٰ جاری کرتے ہوئے وی پی این کے استعمال کو غیرشرعی قرار دیدیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں