اسلام آباد(پی ین آئی) آرمی چیف کی توسیع کیخلاف درخواست سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے عدم پیروی پر خارج کردی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آئینی بینچ نے آرمی چیف کی توسیع کیخلاف درخواست خارج کردی۔آئینی بینچ نے عدم پیروی پر درخواست کو خارج کردیا۔رجسٹرار آفس کے درخواست پر نا قابل سماعت کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے فیصلہ کیا۔ادھر سپریم کورٹ آئینی بینچ نے اعلی عدلیہ ججز کی پارلیمنٹ میں تقریروں کیخلاف درخواست خارج کردی۔عدالت نے درخواست گزار محمد اختر نقوی کی عدم پیروی پر درخواست خارج کی۔آئینی بینچ نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھے۔جسٹس امین الدین خان سربراہی میں 7 رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
ایک وقوعہ پر 2 ایف آئی آرز کے اندراج کا معاملہ،جسٹس جمال مندوخیل نے وکیل درخواست گزار وسیم احمد خان کی سخت سرزنش کرتے ہوئےریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ میں ایسے کیسز کی وجہ سے زیر التواء مقدمات تعداد 60 ہزار مقدمات ہو چکی ہے،ہمیں 60 ہزار زیر التواء مقدمات بار بار یاد کرائے جاتے ہیں،کیوں نا آپکی درخواست جرمانہ کیساتھ خارج کریں،آپ تو وکیل ہے آپ بھی ایسے کیسز عدالتوں میں دائر کرینگے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمار کس دیئے کہ صغریٰ بی بی کیس میں عدالت فیصلہ دے چکی ہے،دوسری ایف آئی آر کے اخراج کیلئے ہائیکورٹ کیوں نہیں گئے۔بعد ازاں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے درخواست نا قابل سماعت قرار دیکر خارج کردی۔نجی ٹی وی چینل کیخلاف تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں پر سماعت کرنے والا آئینی بینچ ٹوٹ گیا،جسٹس عائشہ ملک نے تنخواہوں سے متعلق از خود نوٹس کیس سننے سے انکار کردیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں