24 نومبر کوپی ٹی آئی کا احتجاج، اسلام آباد پولیس نے سر جوڑ لیے

اسلام آباد (پی این آئی) ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اور ایف سی سے نفری طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 24 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے معاملے پر اسلام آباد پولیس حکام نے بھی سر جوڑ لیے ہیں ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب اور ایف سی سے نفری طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسلام آباد پولیس نے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیوں کا تخمینہ بھی تیار کر لیا ۔ذرائع کے مطابق احتجاج کی صورت میں ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا ۔ ریڈ زون اور اسلام آباد کو مجموعی طور پر 24 مقامات سے بند کیا جائے گا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کے نقطہ نظر سے ریڈ زون کے ایریا کی توسیع بھی زیر غور ہے۔ اضافہ کی صورت میں ریڈ زون زیرو پوائنٹ تک بڑھ جائے گا ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی 6 ہزار نفری احتجاج پر تعینات ہو گی، ایف سی ، پنجاب کانسٹیبلری اور رینجرز کے جوان الگ سے ہوں گے، ایف سی کے 12 سو جوان اس وقت بھی اسلام آباد میں موجود ہیں ۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے وزارت داخلہ سے چار سو کنٹینرز بھی مانگ لیے ہیں ۔ پولیس تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے وزارت داخلہ کے جواب کی منتظر ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close