ن لیگی رہنما نے پی ٹی آئی اراکین کو اسمبلیوں سےاستعفیٰ دینے کا مشورہ دیدیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا مشورہ دے دیا۔

احسن اقبال نے پی ٹی آئی پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو 2014 کا کھیل دوبارہ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بڑی محنت سے معیشت کو اس مقام تک پہنچایا ہے اب خراب نہیں ہونے دیں گے، احتجاج کرنے والے دشمنوں کے ایجنٹ ہیں جو سی پیک کو ناکام کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کی منفی سیاست اب مزید نہیں چلے گی۔انہوں نے کہا کہ 24 نومبر کا پی ٹی آئی کا احتجاج مایوسی کا واضح ثبوت ہے، عوام ان کے انتشار اور خلفشار کو دیکھنا نہیں چاہتے، ملک کی معیشت مستحکم اور بحال ہو رہی ہے، جوں جوں معیشت بحال ہو رہی ہے پی ٹی آئی کی بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی حالیہ تمام احتجاجی کال پر عوام نے لبیک نہیں کہا، عوام کے مسترد کرنے پر پی ٹی آئی نے سرکاری بندے لا کر چڑھائی کی، پی ٹی آئی کی 24 نومبر کی احتجاج کال بری طرح ناکام ہوگی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے 8 فروری کے انتخابی نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے اسمبلیوں کا حلف لیا، انہوں نے صدر اور وزیر اعظم کے الیکشن میں حصہ لیا اور ووٹ دیے، پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی ہر مہینے ٹی اے ڈی اے لے رہے ہیں۔

’ان کو چاہیے کہ سڑکوں پر نہیں بلکہ اسمبلیوں میں احتجاج کرے۔ اگر انہوں نے سڑکوں پر احتجاج کرنا ہے تو اسمبلیوں سے استعفیٰ دے۔ یہ اسمبلیاں بھی نہیں چھوڑتے، ٹی اے ڈی اے بھی نہیں چھوڑتے۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close